اہم خبریں

وفاقی دارالحکومت میں حالات کشیدہ، فوج طلب، شرپسندوں کو گولی مارنے کا حکم

اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسلا م آباد سری نگر ہائی وے پر 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد حکومت نے شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ رات سری نگر ہائی وے پر 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلالیاگیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے شرپسندوں سےآہنی ہاتھوں سےنمٹنے کیلئے احکامات دیدئیے گئے، انتشاریوں اور شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین نے حکومت کی ریڈ لائن عبور کی تو ہم اسلام آباد میں کرفیو لگانے سے دریغ نہیں کریں گے۔

محسن نقوی نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’اگر ضروری ہوا تو ہم کرفیو نافذ کریں گے، فوج کو بلانے کے لیے آرٹیکل 245 کا اطلاق کریں گے، یا دیگر انتہائی اقدامات کریں گے۔‘‘

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو سنگجانی کو بطور احتجاج 24 گھنٹے قبل پیش کش کی گئی تھی، اس پیشکش کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے دو ملاقاتیں کی تھیں۔

محسن نقوی کے مطابق سنگجانی میں احتجاج کی اجازت ڈپٹی کمشنر دے سکتے ہیں لیکن ڈی چوک یا اسلام آباد کے کسی اور مقام پر مظاہروں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشتگردانہ کارروائی سے نمٹنے کیلئےاقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔یاد رہے سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہوئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک شرپسندوں کے حملوں میں رینجرز کے چار اور پولیس کے دو اہلکار شہید ہوچکے جبکہ سو سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہیں، جس میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہیں۔

خیال رہے وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی مظاہرین کو خبردار کیا تھا کہ پہلے سے بتارہے ہیں ہمیں مجبور کیا گیا تو سخت قدم اٹھائیں گے، بار بار سمجھا رہے ہیں، ریڈ لائن کراس کرنے پرمجبور نہ کریں، اس سے پہلے بھی ڈی چوک میں کبھی کسی کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ صبر کر رہے ہیں، جو ڈی چوک پہنچے گا گرفتار ہوگا،یہ نہیں ہوسکتا کوئی شخص یہاں پہنچے اور پھر آسانی سے واپس چلا جائے۔
مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے متعدد شہروں میں پہلی بار گرج چمک کیساتھ شدید بارشیں، الرٹ جاری

متعلقہ خبریں