اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا اور کشمیر سے ملاکہ کوہسار مری کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آج کے احتجاج کے پیش نظر مری کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے کشمیر اور خیبرپختونخوا کے درمیان رابطہ سڑکوں پر خندقیں کھود دی ہیں جبکہ گھوڑا گلی کے مقام پر مٹی ڈال کر سڑک کو بند کر دیا گیا ہے۔ ادھر چمن میں قومی شاہراہ N-50 اور N-70 کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
لیویز کے مطابق امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والے 33 مقامات کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں داخل ہونے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ کچہری چوک کو یک طرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا، اور اسلام آباد کے درمیان تمام رابطہ سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ راولپنڈی کو مکمل سیل کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج،اسلام آباد سیل ،سکیورٹی ہائی الرٹ،مکمل لاک ڈائون