کراچی(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے دینی مدرسے کو جامعہ کا چارٹر دینے کی سفارش کردی، جسے الکوثر یونیورسٹی کا نام دیا گیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں دوسرے دینی مدرسے کو یونیورسٹی کا چارٹر دینے کی سفارش کردی گئی ہے جسے الکوثر یونیورسٹی کا نام دیا گیا ہے ، یہ بات چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع نے وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقدہ دینی مدارس کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر بتائی۔
واضح رہے کہ الکوثر یونیورسٹی کراچی کے معروف علاقے گلشن اقبال میں سپاری پارک کے سامنے قائم کی جارہی ہے، اس سے قبل کراچی کے علاقے گلشن معمار میں قائم ایک اور دینی مدرسے کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جاچکا ہے اور سندھ مدارس کو قومی دھارے میں لانے اور وہاں جدید علوم کی تعلیم دینے کی مہم میں سبقت لے جارہا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ یہ افتخار کا باعث ہے کہ مدارس کے مابین کرکٹ ٹورنامنٹ میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوا ہوں یہ خوش آئند بات ہے کہ مدارس کے طلبہ یونیورسٹی کی سطح پر عصر حاضر کی تعلیم حاصل کررہے ہیں، دین اسلام رواداری کے ساتھ ساتھ ہمیں جسمانی مضبوطی کا بھی درس دیتا ہے۔