لاہور(نیوز ڈیسک ) پنجاب کے مختلف ایئرپورٹس پر جمعہ کو شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق 11 پروازیں منسوخ، تین کو متبادل ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا، 53 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے فیصل آباد جانے والی پروازیں پی کے 340 اور پی کے 341 اور لاہور سے کوئٹہ جانے والی پروازیں پی کے 322 اور پی کے 323 منسوخ کردی گئی ہیں۔جدہ سے لاہور جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز SV739، مسقط سے سیالکوٹ جانے والی PIA کی پرواز PK281 اور 282، اور اسلام آباد سے گلگت جانے والی چار پروازیں PK601، PK602، PK605، اور PK606 منسوخ کر دی گئی ہیں۔
دوحہ سے ملتان آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 616 کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا اور موسم صاف ہونے پر پرواز کو اسلام آباد سے واپس ملتان لایا گیا۔ جدہ سے لاہور جانے والی پرواز ایس وی 738 کو بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا اور دمام سے سیالکوٹ جانے والی پرواز پی کے 244 کو لاہور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
لاہور سے کوالالمپور جانے والی پرواز OD132 اور لاہور سے بنکاک جانے والی پرواز TG346 آج صبح تک ٹیک آف نہیں کر سکیں۔ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان سات پروازیں اور کراچی اور لاہور کے درمیان پانچ پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔لاہور ائیرپورٹ پر آنے اور جانے والی 19 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ لاہور سے دبئی اور ابوظہبی جانے والی تین پروازیں چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں: لاہور میں دھند اور سموگ کا راج ،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست