اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) حملہ کیس کی سماعت آج ہوگی۔ ذرائع کے مطابق آج کی کارروائی میں سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کے جج امجد علی شاہ 9 مئی 2023 کے واقعات کی سماعت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے سماعت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔یکم نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر تمام ملزمان میں چالان کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔
تاہم، ایک ملزم، شاہ محمود قریشی کو کاپیاں موصول نہیں ہو سکیں کیونکہ وہ اس وقت لاہور میں قید ہیں۔ چالان کی نقول آج ان کے وکلا کو فراہم کر دی جائیں گی۔عدالت نے تمام 125 ملزمان کو فرد جرم کے لیے آج طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
اے ٹی سی نے اعلان کیا ہے کہ آج پیش نہ ہونے والے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔عمران خان اور دیگر پر مجموعی طور پر 27 سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمے کے چالان کے مطابق ملزمان نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، گیٹ توڑا، فوجی اہلکاروں سے مزاحمت کی اور حساس فوجی املاک کو توڑ پھوڑ کی۔
حملے میں لاٹھیوں، پتھروں اور پیٹرول بم کا استعمال شامل تھا، جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور املاک کو نقصان پہنچا۔چالان میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ جی ایچ کیو کی عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے گئے، پاک فوج کی ساکھ کو مجروح کیا گیا اور فوجی اہلکاروں پر حملے کیے گئے۔ ملک اور اس کی مسلح افواج کے خلاف نعرے لگائے گئے اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اس مظاہرے کو منظم مجرمانہ سازش کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آج بروزجمعتہ المبارک،8نومبر2024 آپ کا کیرئر،شادی معاملات، صحت، دن کیسا رہے گا ؟