اسلام آباد(رضوان عباسی )یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے چینی کی قیمت میں 13 روپے فی کلو کمی کا اعلان کر دیا۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی نئی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔
قبل ازیں چینی کی قیمت 153 روپے فی کلو تھی۔ذرائع کے مطابق، یوٹیلیٹی اسٹورز نے شوگر ملز سے خریدی گئی چینی کی قیمت میں کمی کی درخواست کی تھی، جس کے نتیجے میں شوگر ملز مالکان نے 17 روپے فی کلو ری بیٹ فراہم کیا۔
اس ری بیٹ کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چینی کی قیمت میں کمی کی۔ کارپوریشن نے حال ہی میں 12 ہزار میٹرک ٹن چینی 137 روپے فی کلو کی قیمت پر خریدی تھی، جس کے بعد اخراجات کو شامل کر کے چینی کی لاگت 152 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔اس اقدام کا مقصد عوام کو معیاری چینی مناسب قیمت پر فراہم کرنا ہے، جس سے عام شہریوں کو مہنگائی میں کمی کا احساس ہو سکے گا۔