اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ قطرکامشترکہ اعلامیہ جاری کردیاگیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر قطری قیادت کاشکریہ ادا کیا۔ شہبازشریف کا دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور موجودہ تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کااظہار۔
وزیراعظم نے قطر کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مسلسل معاونت کو سراہا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے گزشتہ سرمایہ کاری کے وعدوں کے تناظر میں متعدد شعبوں میں اہم مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور تعاون کی مختلف راہیں تلاش کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔