اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کے بجائے وکلا کو ان سے جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے تین وکلا آج 3 بجے عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بانی کو عدالت لانے کا حکم وکلاء سے ملاقات کے لیے تھا، اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ وکلا پی ٹی آئی بانی سے جیل میں ہی ملاقات کریں۔ذرائع نے مزید کہا کہ ملاقات کے بارے میں فریقین کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے پی ٹی آئی بانی سے 3 بجے جیل ملاقات کی تصدیق کی۔ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ، شعیب شاہین اور انہیں 3 بجے جیل ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی ملاقات سے متعلق توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو سہ پہر 3 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا تھا کہ عمران خان کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا تو وجہ بتانا ہوگی۔