اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ایس آئی ایف سی کے تعاون سے سعودی وزارت سرمایہ کاری کے وفد کا تیسرا دورہ پاکستان۔ ایس آئی ایف سی کی مسلسل کوششوں کے باعث سعودی وزارت سرمایہ کاری کے وفد کا تیسرا دورہ پاکستان آج سے اسلام آباد میں شروع ہو چکا ہے۔
یہ وفد سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالدالفالح کی زیر قیادت اپنے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا۔ سعودی وزارت سرمایہ کاری کے وفود اپریل اور مئی کے مہینوں میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں جن کے کافی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔
سعودی وزارت سرمایہ کاری کے گزشتہ دو دوروں میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کے بعد بہت سے منصوبوں پر کام کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
سعودی عرب پاکستان کی معیشت کی بحالی میں اہم فریق کی حیثیت کا حامل ہے اور حالیہ دورہ سعودی عرب کے پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیات پر اعتماد کا مظہر ہے۔
توقع ہے کہ جن منصوبوں پر گزشتہ دورے میں اتفاق قائم ہوا تھا انہیں اس دورے کے دوران حتمی شکل دی جائے گی اور نئے منصوبوں پر بھی بات کی جائے گی ۔ حال میں مشرق وسطیٰ سمیت ایشیائی اور یورپی ممالک کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی دلیل ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی معاشی صورتحال مستحکم ہو رہی ہے ۔
ایس آئی ایف سی کی ایک سال سے زائد کی مسلسل کوششیں رنگ لا رہی ہیں اور ملکی معیشت میں بتدریج استحکام آ رہا ہے ۔
مزید پڑھیں :بجلی کی قیمت میں 8سے 10روپے فی یونٹ کمی کیلئے کوشاں ہیں، اویس لغاری