اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات نے آج (ہفتہ) سے اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں ژالہ باری کے ساتھ بارش کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت دیگر شمالی علاقوں میں مغربی موسمی نظام کے قریب آنے کی وجہ سے 5 سے 8 اکتوبر تک بارشیں ہوں گی۔
راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 5، 7 اور 8 اکتوبر سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ساہیوال اور گردونواح میں 6 سے 8 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
بارش کا یہ نیا سلسلہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے شمالی علاقوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔ اس کے برعکس سندھ کو گرم اور خشک حالات کا سامنا رہے گا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آف پنجاب نے مقامی حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کا سامان اور عملہ تیار کریں۔
مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائی،18 دہشتگرد گرفتار