کراچی(نیوز ڈیسک )سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک کراچی میں بلڈنگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے مبینہ طور پر سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (SMCHS) میں واقع کلینک کو سیل کردیا،کلینک کو سیل کرنے کی کارروائی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے شکیل جمالی کی نگرانی میں کی گئی۔ ایس بی سی اے حکام کی ایک ٹیم نے مقامی پولیس کے ہمراہ کارروائی میں حصہ لیا۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ عارف علوی کا کلینک تجارتی سرگرمیوں کے لیے ضروری اجازت نامے کے بغیر رہائشی علاقے میں چلایا جا رہا تھا۔تاہم، ممکنہ قانونی کارروائیوں کے بارے میں مزید تفصیلات کا انکشاف ہونا باقی ہے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ رہائشی زون میں کلینک کے مقام نے شکایات کو جنم دیا، جس کے نتیجے میں ایس بی سی اے نے کریک ڈاؤن کیا۔ ایس بی سی اے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا، یہ رہائشی املاک کے غیر قانونی تجارتی استعمال سے نمٹنے کے لیے ہماری جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
2018 سے 2023 تک پاکستان کے صدر رہنے والے ڈاکٹر عارف علوی نے ابھی تک اس معاملے پر عوامی سطح پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔