اہم خبریں

عمران خان اور علی امین گنڈا پور کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا

راولپنڈی (اے بی این نیوز) راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں سب انسپکٹر عمر صدیق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان، علی امین گنڈا پور سمیت 45 رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ الزامات میں حکومت میں مداخلت، ہنگامہ آرائی، اور سرکاری گاڑی پر پٹرول بم حملے شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے ٹائر اور کپڑے جلا کر عوام کا راستہ روکا، آگ لگائی اور پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کو اپنی جان بچانے میں دشواری ہوئی۔ پولیس نے موقع پر سے 5 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں خلیل، عمران، صداقت، یاسین اور طاہر شامل ہیں، جبکہ طاہر کے قبضے سے پٹرول کی بوتل بھی برآمد کر لی گئی۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف لیاقت باغ میں احتجاج کے معاملے پر راولپنڈی کے 4 تھانوں میں مزید مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان مقدمات میں دہشت گردی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، اور حکومت میں مداخلت کے الزامات شامل ہیں۔ ان مقدمات میں سمابیہ طاہر، ایم پی اے اسد عباس، اعجاز خان، عامر مغل سمیت 100 سے زائد کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے، پتھراؤ کیا اور پولیس اہلکاروں پر لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا، جس سے پولیس کی گاڑیاں اور بسوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ایک پولیس اہلکار کی آنکھ شیشے سے زخمی ہوئی جبکہ ملزمان نے سرکاری اسلحہ چھین کر فائرنگ بھی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :فاٹا میں نظام کی کوئی تبدیلی نہیں آئی بلکہ انگریز کا نظام وفاق کے حوالے ہوا، شاہد خاقان عباسی

متعلقہ خبریں