اہم خبریں

بھارت کےغیر قانونی قبضے اور اسرائیل کے مظالم ناقابل قبول، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کا جارحانہ دو ٹوک مؤقف ، اسرائیل، بھارت اور بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑانے والوں پر سخت تنقید ، جوناگڑھ پر بھارت کا قبضہ غیر قانونی، کشمیر اور اسرائیل کے مظالم ناقابل قبول ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں جارحانہ مؤقف اپناتے ہوئے عالمی طاقتوں کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں اسرائیلی مظالم، بھارتی جارحیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کو قبول نہیں کرے گا۔

ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے پر فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے بہیمانہ استعمال کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان جموں کشمیر کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ بھارت کے جھوٹے بیانات حقائق کے برخلاف ہیں، اور جموں کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف وہاں کے عوام کریں گے۔

یہ مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے ہی حل ہوگا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ برطانیہ پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی 12 ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کی تیاریوں کا اعلان بھی کیا گیا اور بتایا گیا کہ ۔ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت اجلاس کے لیے تمام دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سیشن میں شرکت کا بھی قوی امکان ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی فارن سیکرٹری سائرس سجاد قاضی نے کی، جہاں غزہ کی صورتحال اور اسلاموفوبیا جیسے اہم عالمی مسائل پر بات چیت ہوئی۔ سیکرٹری خارجہ نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کے مستقل مؤقف کا اعادہ کیا اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ او آئی سی اجلاس کے دوران جموں و کشمیر رابطہ گروپ کا بھی اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کشمیری عوام کے حقوق اور بھارتی مظالم کے خلاف بین الاقوامی حمایت بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے پارلیمنٹ میں پاکستانی شہریوں کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو میزبان ممالک کے قوانین اور روایات کی پاسداری کرنی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ ہر ملک کے اپنے قوانین ہیں، اور حکومت پاکستان اپنے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ پاکستانی سفارتخانے اپنی معاونت جاری رکھیں گے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کو حل کیا جا سکے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو ایک بار پھر دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد مواقع پر ان گروہوں کے ٹھکانوں اور ان کی کارروائیوں کے ثبوت فراہم کر چکا ہے اور افغان عبوری حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہونے سے روکے۔خواتین کے حقوق پر بات کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے، اور اسلام مردوں اور خواتین دونوں کو برابر حقوق دیتا ہے۔

پاکستان کا آئین بھی خواتین کو مکمل برابری کے حقوق فراہم کرتا ہے۔مزید برآں، بیرون ملک سیاسی پناہ کے خواہشمند پاکستانیوں کے پاسپورٹ کے اجرائی معاملات پر اعلی سطحی کمیٹی کی ہدایات پر متعلقہ اداروں کو کارروائی کی ہدایت دی جا چکی ہے۔
مزید پڑھیں: بیوی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں شوہر اور بھائی گرفتار

متعلقہ خبریں