کراچی(نیوز ڈیسک ) سندھ پولیس نے کراچی سے لاپتہ ہونے والے 5 شہریوں کا سراغ لگا کر بازیابی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کی، اس دوران حکومتی وکیل اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے 5 شہریوں کو ٹریس کیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق لڑکی تانیہ نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی جب کہ لاپتہ شہری خادم، حماد، عمیر عزیز اور معیز گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔پولیس رپورٹ کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے پانچ لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔
عدالت نے لاپتہ بچی فروا اور دیگر کی بازیابی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کا بچہ لاپتہ ہو جائے تو اس کا حال سوچیں اور بچے کی تلاش کریں۔اس موقع پر سرکاری وکیل نے کہا کہ کچھ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا پولیس سے رابطہ نہیں ہے اور ان میں سے اکثر جے آئی ٹی کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوتے۔
جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ مقدمات کی پیروی نہ کرنے والے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو بھی تلاش کیا جائے۔عدالت نے پولیس اور سرکاری افسران کو لاپتہ شہری مطیع اللہ اور دیگر کی بازیابی کے لیے جدید آلات استعمال کرنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم ، پنجاب انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کب ہوگا؟