اہم خبریں

آزادکشمیرسمیت بالائی علاقوں میں برفباری ، وادی گریس میں 3فٹ ریکارڈ،سینکڑوں افراد بیمار

اسلام آباد،مظفرآباد (نیوزڈیسک )کہیں بارش تو کہیں برفباری اور یخ بستہ ہوائوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میںآگئے ۔آزادکشمیر ، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں سمیت شمالی بلوچستان میںسردی کی شدت میں اضافہ ، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے معمولات زندگی شدید متاثر ، آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تین روز سے برف باری کا سلسلہ جاری، وادی گریس میں تین فٹ، کیل، شاردہ میں دو ، دو فٹ تک برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

برفباری کے باعث قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ کے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں ابھی تک بند ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، ہنزہ منفی 7، اسکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4، اسلام آباد 3، پشاور 6، لاہور 9 اور کراچی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔برفباری کے بعد ملکہ کوہسار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اورسوات میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان مقامات کا رخ کرلیا ہے ۔

دوسری جانب سندھ کا مری کہلائے جانے والے گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی گزشتہ روز ہلکی برف باری ہوئی جہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرگیا۔وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ،نمونیا بخار کھانسی کی بیماریاں پھوٹ پڑیں ہسپتالوں مریضوں کا رش،بچے خواتین بزرگ سب سے زیادہ متاثر۔ وادی نیلم میں شدید برف باری کی وجہ سے ناطہ انجماد سے گر گیا ہے۔ شدید سردی کی وجہ موسمی بیماریاںپھوٹ پڑی ہیں۔

نمونیا بخار کھانسی جسم میں درد نزلہ زکام کے مریضوں سے ہسپتال بھر گئے ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال آٹھ مقام ڈاکٹر سجاد حسین مغل نے بتایا کہ شدید سردی کی وجہ سے انفیکشن پھیل رہا ہےنمونیا بخار کھانسی نزلہ زکام کی وجہ سے بچے خواتین بوڑھے افراد متاثر ہو رہے ہیں ۔ڈی ایچ کیو کی او پی ڈی میں سینکڑوں مریضوں کا روزانہ کی بنیاد پرچیک اپ کیاجاتا ہے ۔بجلی کی بندش کے باوجود ڈی ایچ کیو میں مریضوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔

اینٹی بائیوٹکس اور دیگر ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں روزانہ کثیر تعداد میں مریض داخل کئے جا رہے ہیں مفت علاج معالجہ کے بعد صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کئے جاتے ہیں۔ڈی ایچ کیو نیلم میں بہترین طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں۔ جو مریض آتا ہے شفایاب ہوکر جاتا ہے۔ صرف ایسے مریضوں کو سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کیا جاتا ہےجو انتہائی ناگزیرہوں۔ڈاکٹر سجاد حسین نے کہا کہ سردی کی لہر جب تک برقرار رہے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔برف والا پانی استعمال نہ کیا جائے ۔پانی ابال کر استعمال کیا جائے گرم کھانا کھایا جائے ایسی اشیاء کے استعمال سے گریز کیا جائے جس سےانفیکشن پھیلنے کا احتمال ہو۔

متعلقہ خبریں