اسلام آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر محسن شاہنواز رانجھا نے انٹرنیٹ سروسز پر فائر وال کی تنصیب کی تصدیق کردی۔
اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ آن لائن کاروبار کا صرف 20 فیصد فکس لائن انٹرنیٹ نیٹ ورک پر ہے جو فائر وال سے متاثر ہے ، اپنی سائبر اسپیس اور قومی سلامتی کا تحفظ کرنا ہر ملک کا حق ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں بھی فائر وال پالیسی متعارف کروائی گئی تھی۔
محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ فائر وال صرف انفارمیشن کو سست کرے گی، جعلی خبروں ، گالم گلوچ اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا روکے گی اور اس سے معیشت کو کوئی بھی نقصان نہیں ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ اور جعلی خبریں بیچنے والے فائر وال کے خلاف بیانیہ بنا رہے ہیں ، مسئلہ صرف ان لوگوں کو ہے جو جھوٹ اور پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں ۔















