اہم خبریں

پاکستان میں سوشل میڈیا پر سیفٹی فائر وال کا کامیاب تجربہ، انٹرنیٹ سروسز بدستور متاثر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حفاظتی فائر وال کا دوسرا اور آخری کامیاب تجربہ گزشتہ رات مکمل ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

تاہم وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ پی ٹی اے سے متعلق ہے۔ دوسری جانب پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروسز بدستور متاثر ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل ایپس متاثر ہیں اور ڈاؤن لوڈ کی رفتار بھی انتہائی سست ہوگئی ہے۔ ماہرین کے مطابق سست انٹرنیٹ کی کئی تکنیکی وجوہات ہیں جن میں کیبل کا معیار، ڈیجیٹل ٹریفک میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلیاں شامل ہیں۔

تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سیفٹی فائر وال کے تجربے کی وجہ سے انٹرنیٹ خدمات میں خلل پڑا ہے۔ حفاظتی فائر وال کا مقصد سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا اور آن لائن سیکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے ذریعے سوشل میڈیا پر غیر معمولی سرگرمیاں کرنے والے صارفین کو آسانی سے ٹریس کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے ابھی تک انٹرنیٹ سروسز میں خلل کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے۔ کہ سیفٹی فائر وال کے دوسرے کامیاب ٹیسٹ کے بعد تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز معمول کے مطابق کام کرنا شروع کر دیں گے اور انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔
مزید پڑھیں: صدراور وزیراعظم کی جانب سے پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

متعلقہ خبریں