لاہور(نیوز ڈیسک )پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کو قوم کا فخر قرار دیا۔
اداکاروں نے سماجی رابطوں کی مختلف سائٹس پر قوم کے ہیرو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اداکار ثنا جاوید، رمشا خان اور اداکار احد رضا میر نے بھی اس تاریخی لمحے پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے اس شاندار کامیابی پر ارشد کا شکریہ ادا کیا کہ پوری قوم ان کی وجہ سے فخر محسوس کر رہی ہے۔پاکستان کے لیے انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتنے والی واحد کھلاڑی کو مبارکباد دینے میں اداکارہ کبریٰ خان اور سجل علی بھی پیچھے نہیں رہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کھلاڑی کو مبارکباد دی۔اداکارہ ہانیہ عامر، حمائمہ ملک اور اقرا عزیز نے بھی کھلاڑی کو مبارکباد دی۔اقرا عزیز نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ارشد ندیم کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا جب کہ حمائمہ نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔صنم جنگ، حرا مانی اور کنزہ ہاشمی نے بھی کھلاڑی کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے ملک کے مشکل وقت میں اس کامیابی پر خوشی کے چند لمحات دینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔اداکارہ ایمن خان نے ارشد ندیم کو چیمپئن قرار دیا جب کہ عائزہ خان اور یمنہ زیدی نے انہیں قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے نیا ریکارڈ بنانے پر مبارکباد دی۔گلوکار عاصم اظہر، اداکار ہمایوں سعید، احمد علی بٹ، عثمان خالد بٹ سمیت کئی فنکاروں نے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ گلوکار علی ظفر نے بھی ان کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے نہ صرف ارشد کو مبارکباد دی بلکہ اپنے حریف نیرج چوپڑا کی والدہ کے ارشد ندیم کے پیغام پر تبصرہ بھی کیا۔
ارشد ندیم کے لیے نیرج چوپڑا کی والدہ کی محبت اور پیار کو دیکھ کر اداکار نے دعا کی کہ قومی اور بھارتی کھلاڑی نیرج کے درمیان دوستی قائم و دائم رہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے 40 سال بعد پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
پاکستان نے آخری بار 8 اگست 1992 کو اولمپکس کے تمغے کے پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے ہالینڈ کو چار کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ گولڈ میڈل ہاکی ٹیم نے حاصل کیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب کاانسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کےلئے27 کواڈ کاپٹر خریدنے کا فیصلہ