اسلام آباد(نیوز ڈیسک )کشمیری عوام کے حق آزادی کی حمایت کے اظہار اور 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام پر شدید احتجاج کرنے کے لیے یوم استحصال پیر کو منایا جائے گا۔
اس بات کا فیصلہ ہفتہ کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوم استحصال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرنے کے لیے 5 اگست کو مظفرآباد کا دورہ متوقع ہے۔
وہ یوم استحصال کے حوالے سے اہم پالیسی بیان بھی دیں گے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے ہندوستان کے اقدامات کو عالمی برادری، کشمیریوں اور پاکستانیوں نے یکساں طور پر مسترد کر دیا ہے۔
یوم استحقاق کے موقع پر وفاقی علاقوں، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں خصوصی واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔تحریک آزادی کشمیر کے قائدین کی خدمات، کشمیری عوام کی قربانیوں اور بھارتی جبر کے تلخ حقائق کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی نشریات نشر کی جائیں گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیران اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی جنہوں نے وزیراعظم کو یوم استحقاق کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: کینیڈا میں پاکستانی نژاد تاجر کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی،اسپتال منتقل