اہم خبریں

شیرافضل مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی،بیرسٹر گوہر کی تردید

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت منسوخی کے نوٹیفکیشن پر ردعمل جاری کردیا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں مروت کی پارٹی رکنیت کی منسوخی کا علم نہیں۔ وہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کر کے ساری صورتحال ان کے سامنے رکھیں گے۔ بیرسٹرگوہر نے مزید کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ کون ہدایات جاری کر رہا ہے اور کون فیصلے کر رہا ہے۔

میرے علم میں یہ بات نہیں آئی کہ عمران خان نے ایسی کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب کسی کمیٹی نے انہیں بلایا بھی نہیں تو شیر افضل مروت کی رکنیت کیسے ختم کی گئی۔

’میں آج عمران خان سے مل کر یہ نوٹیفکیشن واپس کروں گا‘۔ مروت ہماری پارٹی کے رکن ہیں اور پی ٹی آئی کے بانی کے وفادار ہیں۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نےشیر افضل کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری فردوس شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے سنگین خلاف ورزیوں پر شیر افضل مروت کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رکنیت ختم کرنے کا یہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا جب کہ کور کمیٹی کے ارکان نے بھی شیر افضل مروت کی رکنیت منسوخی کی تصدیق کردی۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں انہیں نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں