اہم خبریں

شیر افضل مروت کو بڑا جھٹکا،پی ٹی آئی نے رکنیت ختم کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی رہنما اور رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔

پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم ​​نقوی کے دستخط والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل نوٹس پیریڈ پر تھے۔بیان کے مطابق نوٹس پیریڈ کے دوران ڈسپلنری کمیٹی نے محسوس کیا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی قوانین کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ وہ خود کو پارٹی اصولوں سے بالاتر سمجھتے تھے۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر شیر افضل مروت باعزت شخص ہیں تو وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہو جائیں۔واضح رہے کہ پارٹی نے متنازعہ بیانات دینے پر جولائی کے مہینے میں شیر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے شوکاز نوٹس کا جواب دیا تاہم پارٹی نے ان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔

شیر افضل مروت کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی الزام کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔ پارٹی رہنماؤں کے خلاف ان کے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔بعد ازاں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پارٹی قیادت کو شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اختیار دے دیا۔

متعلقہ خبریں