راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹاؤن، اصغر مال سکیم اور دیگر مختلف علاقوں میں قائم نجی تعلیمی اداروں کو کمرشل اسٹیٹس فیس کی عدم ادائیگی پر سیل کر دیا۔ سکول اور کالجز مالکان کو ڈیپارٹمنٹ کے عملہ کی طرف سے سخت کاروائی کی دھمکیاں قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ تمام نجی تعلیمی ادارے فوری طور پر ڈی سیل کئے جائیں ۔ یہ مطالبہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان ،مرکزی سینئر نائب صدر محمد فرقان چوہدری ، نائب صدر کرنل ر فواد حنیف ، صدر خواتین ونگ و ممبر بورڈ آف گورنرز فیڈرل تعلیمی بورڈ اسلام آباد مسز سکینہ تاج ، ایپسما راولپنڈی کے ضلعی صدر ابرار احمد ایڈووکیٹ ، عامر انور ، کامران سیف قریشی ، راجہ وسیم سیفی ، عدنان نثار اور دیگر نے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں درسگاہوں کو سیل کرنا اخلاقی اور معاشرتی طور درست نہیں ہے۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس علم دشمن کاروائی کا فوری طور پر نوٹس لے۔ اس نازک صورتحال میں تعلیمی اداروں کو سیل کرنا کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے ۔ ابرار احمد خان نے مطالبہ کیا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور راولپنڈی کی سیاسی قیادت فوری طور مداخلت کرکے مسئلہ کو حل کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون سب کیلئے ایک ہو تا ہے،سکول سیل کرنے میں مبینہ طور پر اقربا پروری سے کام لیا گیا ہے۔ جو منظور نظر تھے ان کو چھوڑ دیا گیا اور جنہوں نے مبینہ طور پرخوش نہیں کیا ان کے سکول سیل کر دیئے گئے انہوں نے کہا کہ یہ سراسر زیادتی ہے یا سارے سکول سیل کئے جائیں جو بھی اس زمرے میں زد میں آتے ہیں یہ ترجیحی سلوم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔