اسلام آباد(نیو زڈیسک )وفاقی کابینہ نے سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے سے متعلق حتمی فیصلہ موخر کردیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں سے متعلق امور، ڈنمارک کے ساتھ ایم او یو، متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری اور جائیداد میں اضافے سے متعلق امور زیر غور آئے۔
نجکاری کمیشن کے ارکان کی تعداد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا معاملہ حکومتی اتحادیوں کی جانب سے فیصلے پر اظہار تحفظات کے باعث موخر کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں سابق صدر عارف علوی، پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ بھی نہیں ہو سکا۔فیصلہ کیا گیا ہے کہ حتمی فیصلہ لینے سے قبل اس معاملے پر مزید غور و خوض کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: انتخابی اخراجات کیس کی تفصیلات سے متعلق فیصلہ محفوظ