اہم خبریں

پشاور ، پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک اہلکار شہید

پشاور ( نیوز ڈیسک )پشاور کے علاقے ارندو خواڑ میں اتوار کی صبح دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

اتوار کو پولیس چوکی پر فائرنگ کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔ مقامی پولیس نے چیک پوسٹ پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اتوار کو پشاور کے علاقے ارندو خواڑ میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل سعید کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر نقوی نے شہید کانسٹیبل سعید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ کانسٹیبل سعید نے اپنی ڈیوٹی ادا کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا۔وزیر داخلہ نے ملک کے لیے جان قربان کرنے والے کانسٹیبل سعید کی قربانی کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ہر سطح پر غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: سابق وزیرتجارت گوہر اعجاز کے چونکا دینے والے انکشافات ،ڈیٹا سوشل میڈیا پر شیئر کردیا

متعلقہ خبریں