اہم خبریں

عمران خان کی،6بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر دلائل طلب

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے جمعرات کو سابق وزیراعظم عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائی کورٹ میں کیس میں مصروف ہیں، اس لیے درخواست ضمانت پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اب سماعت جلدی نہیں ہو سکتی، تعطیلات کے بعد سماعت ستمبر تک ملتوی کر دی جائے گی۔ خالد یوسف نے استدعا کی کہ آئندہ ہفتے سماعت کی جائے، بیرسٹر سلمان صفدر کو دلائل دینے ہیں۔ جج افضل نے کہا کہ اگلے ہفتے پہلے ہی بہت سے کیسز ہیں۔بعد ازاں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے یا جسمانی طور پر عدالت میں پیش کریں اور ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے۔

اس کے ساتھ ہی سیشن عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ عمران کے خلاف تھانہ ترنول میں دو، تھانہ رمنا، سیکرٹریٹ، کوہسار اور کراچی کمپنی تھانے میں ایک ایک مقدمہ درج ہے جب کہ بشریٰ بی بی کے خلاف کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف جعلی رسیدوں کا ایک مقدمہ اور 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں پانچ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک میں 11 برس بعد نیشنل ڈرگ سروے کرنے کی منظوری

متعلقہ خبریں