اہم خبریں

موجودہ حکومت ڈیڑہ سال تک رہے گی، عمران جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہیں گے: فچ ریٹنگز

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی موجودہ مسلم لیگ کی حکومت 18 ماہ تک اقتدار میں رہے گی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان مستقبل قریب تک زیر حراست رہیں گے۔

اقتصادی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے آخر تک پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہو سکتی ہے۔ رواں مالی سال پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 3.2 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے رواں مالی سال کے اختتام تک شرح سود میں 14 فیصد کمی کی توقع ہے۔

فچ نے اپنی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ حکومت پاکستان نے بجٹ میں مشکل ترین معاشی اہداف مقرر کیے ہیں۔ حکومت پاکستان مالیاتی خسارے کو 7.4 فیصد سے کم کر کے 6.7 فیصد تک لانا چاہتی ہے۔ حکومت پاکستان کے سخت معاشی فیصلے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اقتصادی خطرہ ہے، اور سیلاب اور خشک سالی پاکستان کی زراعت کے لیے معاشی خطرات ہیں۔فِچ کے مطابق پاکستان کے فروری کے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہیں تحریک انصاف کے جیل میں بند بانی کی حمایت حاصل تھی۔

پاکستان کے شہروں میں ہونے والے مظاہروں سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر تمام معاشی اصلاحات کرے گی۔ اگر موجودہ حکومت ختم ہوتی ہے تو پاکستان میں ٹیکنو کریٹ حکومت آئے گی۔
مزید پڑھیں: عمران کی عبوری ضمانت کی منسوخی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر

متعلقہ خبریں