اہم خبریں

ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کر لیا،کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،محسن نقوی

لاہور(نیوز ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کر لیا، انہوں نے معیاری ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے منصوبے کی بھی اصولی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ معیاری ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی نے معیاری ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اسے ہر سطح پر فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کلب لیول سے لے کر نیشنل لیول تک مسلسل منعقد کیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کو کارکردگی، فٹنس اور میرٹ کی بنیاد پر مزید مواقع دیے جائیں گے۔

معیاری ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ خلا کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔محسن نقوی نے اچھے کھلاڑیوں کی پیشہ وارانہ تیاری کی ہدایت کی اور کہا کہ بہترین کوچ نئے ٹیلنٹ کو تربیت دے کر اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں گے۔پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ کی کوچنگ کا معیار بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کوچز کی تربیت کے لیے ماسٹر کوچ تعینات کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہوگی۔محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب کارکردگی اور چالوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ میرٹ، کارکردگی اور فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو فروغ ملے گا اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایات پر معیاری ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے تینوں فارمیٹس کے ٹورنامنٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں :سابق لیگی رہنما زبیر کا نواز، باجوہ ملاقات کا دعویٰ بے بنیاد ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی

متعلقہ خبریں