کراچی (نیوز ڈیسک )کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) انٹیلی جنس ونگ نے کراچی میں بینک کے اے ٹی ایم سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اسد سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔گرفتار ملزم نے گزشتہ روز بینک سے نقدی لے کر جانے والے شہری کے بارے میں اپنے ساتھیوں کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے ڈیفنس کے علاقے میں شہری کو لوٹنے کی کوشش کی۔
واقعے کے دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو چند ماہ قبل سی ٹی ڈی نے کورئیر وین لوٹنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔گرفتار ملزم حال ہی میں ضمانت پر جیل سے رہا ہوا تھا۔
ضمانت ملنے کے بعد ملزمان نے نیا گینگ بنا کر ڈکیتیاں شروع کر دیں۔ملزم کے دیگر ساتھیوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم اسد سجاد کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی۔
مزید پڑھیں: رواں سال پولیو ٹیموں پر15حملے،13اہلکار شہید ہوئے ، رپورٹ