کراچی(نیوزڈیسک)محکمہ ایکسائز سندھ نے ٹیکس نظام آن لائن کرنے اور ون لنک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن کا اجلاس ہوا جس میں پریمیم نمبر پلیٹس کی تیاری کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق پلاٹینم کیٹیگری میں 10، گولڈ کیٹیگری میں 11 اور سلور کیٹیگری میں 10 پریمیم نمبرز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شرجیل میمن کو پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگرمحصولات پر بھی معلومات دی گئیں۔
ترجمان کے مطابق شرجیل میمن نے حکام کو پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر ٹیکس اہداف مکمل کرنے کی ہدایات دیں اور کوتاہی برتنے والے ملازمین کی معطلی اور دیگر تادیبی کارروائیوں کی ہدایات بھی دیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہدف کے حصول میں بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر 82 افسران کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے ٹیکس نظام جلد از جلد ون لنک سے منسلک کیا جائے، ٹیکس نظام آسان بنانے کیلئے آن لائن ادائیگی کا سسٹم شروع کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر رجسٹرڈ نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ لگانا جرم ہے، قانون سازی کی جائے گی، جعلی نمبر پلیٹ کا جرم ناقابل ضمانت قرار دینے اور 1 سال قید کی سزا کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:بلوچستان حکومت کا نئی پنشن اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ