اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے آفیشل اکاؤنٹ سے بنگلادیش کے سابق وزیراعظم شیخ مجیب الرحمان کی ویڈیو اپ لوڈنگ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل عمر ایوب اور مرکزی ترجمان رؤف حسن کو طلب کرلیا۔
ایف آئی اے اس سے پہلے ویڈیو اپ لوڈنگ کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرچکی ہے۔ اب ایف آئی اے نے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔
مزیدپڑھیں:توہین عدالت کی سزا میں گرفتار وفاقی سیکرٹری ضمانت پر رہا
ایف آئی اے نے نوٹس عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر جاری کیے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی، بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں کو منگل کو 11 بجے انکوائری کے لیے بلایا گیا ہے۔