اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے دو روز تک ہیٹ ویو جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے ٹریل فائیو سے لاپتہ ہونے والے طالب علم سے متعلق بڑی خبر
دوپہر کے اوقات میں بھی گرم ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔پی ایم ڈی کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ شام اور رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں براعظمی ہوا کا دباؤ مضبوط رہے گا۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں ہوا کا دباؤ زیادہ ہے، اور اگلے دو روز تک گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی گرم رہا۔ تاہم گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیے گئے سب سے زیادہ درجہ حرارت: موہنجوداڑو میں 53 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ، خان پور، خیرپور، لاڑکانہ، پڈعیدن، سکھر، سبی اور روہڑی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
رحیم یار خان، بھکر، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو اور نواب شاہ میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان اور تربت میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ اور اسکردو، بہاولپور، بہاولنگر، جھنگ، جوہر آباد، لیا اور نور پور میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔