اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلباء کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی طلباء اور دیگر پر حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلباء کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: فوج کو عوام کے خلاف نہیں کھڑا کرنا چاہیے، عمران خان
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے ہنگامی نمبر فراہم کیے ہیں اور وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں طلباء پر ہجوم کے حملوں کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستانی طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کرغز حکام سے رابطہ قائم کیا ہے، اور کرغزستان میں اپنے سفیر کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اور غیر ملکی طلباء کے درمیان جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔
ہنگاموں سے پاکستانی طلبہ بھی متاثر ہوئے اور مشتعل کرغیز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹل پر حملہ کردیا جس میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔