لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ضمنی انتخاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے ضمنی انتخاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف شہری ملک نجی اللہ کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کی شفافیت میں محکمہ داخلہ کا کوئی کردار نہیں۔
مزید پڑھیں: کولمبیا کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ
دفعہ 144 کا نفاذ الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ عام انتخابات میں بھی دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا تھا جس کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی تاہم سنگل بنچ نے اسے مسترد کر دیا۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی۔ الیکشن کی وجہ سے دو رکنی بنچ نے عام انتخابات میں دفعہ 144 کے خلاف حکم نہیں دیا۔ ضمنی انتخابات میں دوبارہ دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جو بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دے۔