لاہور(نیوز ڈیسک ) پنجاب پولیس نے لاہور سمیت پنجاب کے 14 قومی اور صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق پنجاب کے 14 قومی اور صوبائی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ صوبے بھر کے 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 کو انتہائی حساس اور 1089 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 4.044 ملین سے زائد ووٹرز کو ووٹنگ کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ 663 مرد، 649 خواتین، 1289 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کے عملے کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔آئی جی نے مزید کہا کہ پولنگ کے عمل کی سینٹرل پولیس آفس، سیف سٹیز اتھارٹی، اضلاع کے کنٹرول اور مانیٹرنگ رومز سے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے لیے پنجاب پولیس کو رینجرز اور پاک فوج کا مکمل تعاون حاصل ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اور اسلحہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہو گا۔