اہم خبریں

امریکی سینیٹرز کا افغان اتحادیوں کیلئے مزید ویزے جاری کرنے کا مطالبہ

نیویارک (نیوزڈیسک)امریکی سینیٹرز کا افغان اتحادیوں کیلئے مزید ویزوں کا مطالبہ کردیا ۔ امریکی سینیٹرز کا کہنا ہے کہ ستمبر میں مالی سال کے اختتام سے قبل مزید 20 ہزار ویزوں کی ضرورت ہے۔

ویزا گائیڈ کی رپورٹ کے مطابق، متعدد امریکی سینیٹرز نے کانگریس کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان افغانوں کیلئے ویزوں کی دستیابی میں اضافہ کیا جائے جنہوں نے وسطی ایشیائی ملک میں ملک کی طویل ترین جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کے ساتھ کام کیا تھا۔

ایک خط میں ایک درجن سے زیادہ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک سینیٹرز نے کانگریس پر زور دیا کہ امریکہ سے تعاون کرنیوالے افغان باشندوں کیلئے خصوصی تارکین وطن کے ویزوں کی حد میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر میں مالی سال کے اختتام سے قبل مزید20 ہزارویزوں کی اشدضرورت ہوگی۔

بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس پر بھی زور دیا ہے کہ وہ “تیزی سے” کام کرے۔ علاوہ ازیں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں کو بتایا کہ اگرچہ افغانستان میں ہماری جنگ ختم ہو گئی ہے، لیکن افغان شہریوں کے ساتھ ہماری وابستگی اور اس جنگ میں ہماری مدد کرنے والوں سے ہماری وابستگی ختم نہیں ہوئی ۔

خصوصی امیگرنٹ ویزا پروگرام، جو 2009 میں شروع ہوا، ان لوگوں کیلئے دستیاب ہے جنہوں نے امریکی مسلح افواج کے ساتھ یا چیف آف مشن اتھارٹی کے تحت عراق یا افغانستان میں بطور ترجمان یا مترجم کام کیا۔

متعلقہ خبریں