راولپنڈی(نیوزڈیسک)پاکستان سپر لیگ 9 کے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈیئٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا جانے والا 119 رنز کا ہدف تین وکٹ پر حاصل کرلیا۔
وکٹ کیپر بیٹر ٹم سائفرٹ 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیمز ونس اور شعیب ملک نے 27 رنز بنائے، شان مسعود نے 7 رنز بنائے۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور کوئٹہ کی ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 19.1 اوورز میں 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
کوئٹہ کے اوپنرز نے ٹیم کو 20 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم جیسن روئے اننگ کے تیسرے اوور میں 15 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس موقع پر نائب کپتان سعود شکیل نے خواجہ نافع کے ساتھ مل کر 47 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی مگر حسن علی نے اوپر تلے دونوں کو آؤٹ کر کے گلیڈیئٹر کی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔
مزیدپڑھیں:کے پی کابینہ کے ارکان کو حتمی شکل دے دی گئی
اس کے بعد کوئٹہ کی وکٹیں سوکھے پتوں کی مانند وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور ٹیم مکمل 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی۔ 19.1 اوورز میں پوری ٹیم 118 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نائب کپتان سعود شکیل 33 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
کراچی کی جانب سے حسن علی نے صرف 15 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مزرابانی اور زاہد محمود نے دو، دو جب کہ میر حمزہ کے ہاتھ ایک وکٹ آئی۔
آج کے میچ کے لیے کراچی کنگز میں ایک جب کہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
کراچی کنگز میں کیرون پولارڈ کی واپسی ہوئی ہے جب کہ ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، ٹم سائفرٹ، عرفان نیازی، حسن علی، میر حمزہ، مرزا بانی، زاہد محمود شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈیئٹرز میں سہیل خان اور وسیم کی جگہ محمد عامر اور حسنین کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل نائن میں ملتان سلطانز پہلی ٹیم ہے جس نے پلے آف کے لیے رسائی حاصل کر لی ہے جب کہ لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ پلے آف کی بقیہ تین ٹیموں کے لیے کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈیئٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان جیت کی جنگ جاری ہے۔
پی ایس ایل کے تازہ ترین پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان 6 فتوحات اور 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور پشاور زلمی 9، 9 پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے جب کہ کراچی کنگز 4 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔