لاہور(نیوزڈیسک)لاہور میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں طیفی اور گوگی بٹ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ مقتول کے چھوٹے بھائی مصعب بالاج کی شکایت پر نامعلوم4 حملہ آوروں کے خلاف درج کیا گیا ۔
شکایت کنندہ نے خواجہ طارق عرف طیفی بٹ اور خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو نامزد کردیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں نے طیفی اور گوگی بٹ سے دشمنی کا کہہ کر فائرنگ کی۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ حملہ آور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔امیر بالاج کی نماز جنازہ شاہ عالم چوک میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:لاہور ، ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا بالاج ٹیپو قاتلانہ حملے میں جاں بحق
انہوں نے اپنے پیچھے بیوی اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔اتوار کی شب لاہور کے علاقے چوہنگ میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں عامر بالاج ٹیپو ولد عارف امیر المعروف ٹیپو ٹرکاں والا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ بالاج چوہنگ میں ایک سابق ڈی پی ایس کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریکتھا جب ایک مسلح شخص نے اس پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق بالاج کے ساتھ تین دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ تاہم بالاج کے بندوق برداروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔چاروں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بالاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس میں ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کے سینے میں چار گولیاں لگیں اور زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔