کراچی (نیوزڈیسک)ملک بھر میں موسم خشک اور سرد ہے جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں ماہ فروری میں دھند کا راج ، دھند کے باعث کہر میں اضافہ ، عوام کیلئے پہلی بار ماہ فروری میں دھند حیرانی کا باعث بن گئی ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا مکان ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان بھی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 14، نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور تربت میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی میں درجہ حرارت 12 اور گوادر میں درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات، سعودیہ، قطر سمیت دیگر مشرق وسطی کے ممالک میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سبب بننے والا طاقتور مغربی سسٹم آج رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔سسٹم کی بحیرہ عرب موجودگی سے کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے اور آج سے 14 فروری تک بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ آج رات سے 14 فروری تک، جیوانی، گوادر، اورماڑہ، تربت، پنجگور، بیلہ، اُتھل اور اطراف میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔