اسلام آباد( نیوز ڈیسک )چار مرتبہ کا ورلڈ چیمپئن، تین مرتبہ کا اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور تین مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکسکیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے،پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس کوالیفائر میں تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ہرادیا،اومان کے شہر مسقط میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی،پاکستان کے ابوبکر محمود نے اٹھارہویں منٹ میں گول اسکور کرکے ٹیم کو برتری دلائی، میچ کے 24ویں منٹ میں دو گول اسکور ہوئے، نیوزی لینڈ کی جانب سے اسکاٹ بوائڈے اور قومی ٹیم کے ابوبکر محمود نے دوسرا گول کیا،50ویں منٹ تک پاکستان کو 1-2 کی برتری حاصل تھی، 52ویں منٹ میں ہیوگو انگلس نے گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کیا،58 ویں منٹ میں اسکاٹ بوائڈے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے کیوی ٹیم کو تین دو کی برتری دلائی جو کھیل ختم ہونے تک برقرار رہی،یوں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرایا،پاکستان 2020 اور 2016 کے اولمپکس میں بھی کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔