لاہور(نیوزڈیسک)ملک بھر میں سردی کی شدت میں اچانک اضافہ ہوگیا ۔ پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی جس کے باعث موٹرویزکو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا جبکہ موٹرویز پر ٹریفک کی روانی بھی محدود کردی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے، خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا کا سلسلہ جاری ہے ۔آئندہ دو روز میں میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، پنجاب میں دن کا درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10، گوپس منفی 6، گلگت، کالام منفی 5، استور، سری نگر منفی 4، راولا کوٹ اور قلات میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 کو چکری انٹرچینج، ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ، ایم 4 کو عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں انٹرچینج، گوجرہ انٹرچینج سے فیصل آباد انٹرچینج اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے شورکوٹ، ایم 5 کو رحیم یار خان ٹول پلازہ سے روہڑی اور شیر شاہ سے اوچ شریف تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔















