ہٹیاں بالا(نیوزڈیسک)ہٹیاں بالا کے مزید تین جنگلوں میں شر پسندوں نے آگ لگا دی ،تجدید جنگلات کی جانب سے لگائے گئے ہزاروں چھوٹے اور سینکڑوں بڑے پودے جل گئے قومی خزانہ کو بھاری نقصان،عوامی حلقوں نے وزیر اعظم،وزیر جنگلات،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری جنگلات سے فوری نوٹس لینے اور شر پسندوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شر پسندوں نے بنی حافظ سے ملحقہ،سڑک چناری اورجسکول کے جنگلات میں آگ لگادی جس کے باعث بڑے پیمانے پر چھوٹے،بڑے درخت جنگلی حیات اور ان کے گھر جل کر خاکستر ہو گئے بنی حافظ سے ملحقہ محکمہ تجدید جنگلات کی طرف سے کی گئی شجرکاری کا بڑا پیمانے پر نقصان ہو گیاآگ بے قابو ہو کر پورے جنگل میں پھیل گئی ممبر لوکل کونسل سید جواد ہمدانی،چوہدری ریاض،صاحبزادہ عادل،چوہدری آفاق، شیخ جازب منیر، چوہدری فیاض اور ملحقہ گاؤں سے عوام علاقہ آگ پر قابو کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن وہ قابو نہ کر پائے ان کا کہنا تھا کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف بلاتخصیص کاروائی کی جائے، ملحقہ آبادی نے پچھلے دو سال سے جنگل کی حفاظت کی اپنے مال مویشیوں کو بھی جنگل کی طرف نہیں جانے دیاشرپسند عناصر نے جنگل کے بڑے حصے کو نقصان پہنچا دیا ہے دریں اثناء بدھ کے دن چناری رینج آفس سے ملحقہ جنگل کو بھی شر پسندوں نے آگ لگادی اس کے علاوہ چناری سے ملحقہ گاؤں جسکول کے جنگل میں بھی شر پسندوں نے دوبارہ آگ لگا دی سیکڑوں قیمتی درختوں سمیت جنگلی حیات کے مساکن تباہ ہو گئے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات ایسے افراد کے خلاف مشتبہ ایف آئی آر درج کروائے جنگل کو آگ لگانے والوں کو تلاش کرنا پولیس کا کام ہے ایسے افراد ناقابل معافی ہیں جو قومی جنگلات کو جلا کر جہلم ویلی کے قدرتی حسن کو تباہ کر رہے ہیں
