واشنگٹن،اسلام آباد(نیوزڈیسک) آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ستر کروڑ ڈالرجاری کرنے کی منظوری دیدی،تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت قرض سے متعلق عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جمعرات 11 جنوری کوواشنگٹن میں ہوا،نجی ٹی وی نے بتایا کہ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ستر کروڑ ڈالر قرض کی اگلی قسط کی منظوری دی،خیال رہے کہ پاکستان کو قرض پروگرام میں سے 1.2 ارب ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں،آئی ایم ایف سے70 کروڑ ڈالر ملنے سے جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہو گئی ہے ،بورڈ کی جانب سے تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت اگلی قسط کی منظوری ہوگی،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پہلے اقتصادی جائزے کی تکمیل پر سٹاف لیول معاہدہ 15 نومبر کو طے پایا تھا،پروگرام کے تحت آخری قسط کیلئے مذاکرات فروری کے آخری ہفتے متوقع ہیں جبکہ دوسرے اقتصادی جائزہ مذاکرات کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی پاکستان کو فراہمی کیلئے جائزہ ہوگا۔















