ریاض(نیوزڈیسک)متنازع سمجھی جانے والی بھارتی اقلیتی امور کی وزیر اداکارہ سمرتی ایرانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بھارت کے حج عازمین کو سہولیات و خدمات فراہمی کیلئےپرعزم ہے،بھارتی ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے دورے پر موجود سمرتی نے حج 2024 کے لیے بھارت اور سعودی عرب کے مابین معاہدے پر دستخط کیے،معاہدے کے مطابق حج 2024 کے لیے بھارت سے کل ایک لاکھ 75 ہزار25 عازمین کے کوٹہ کو حتمی شکل دی گئی ہے جس میں حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ ایک لاکھ 40 ہزار 20 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ 35 ہزار 5 عازمین کو حج گروپ آپریٹرز کے ذریعہ جانے کی اجازت دی جائے گی۔بھارتی وزیر نے حج 2023 کے دوران ہندوستانی عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والے رضاکاروں اور اپنے ملک کے عمرہ زائرین کے ساتھ بھی مختصر بات چیت کی، سمرتی ایرانی نے حج 2024 کو بھارتی عازمین کے لیے ایک آرام دہ تجربہ بنانے سے متعلق تجاویز بھی طلب کیں۔اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت حج پرجانے والے مسلمانوں کو سہولیات اور خدمات فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ انہیں آرام دہ اور اطمینان بخش تجربہ فراہم کیا جاسکے۔















