ماسکو(نیوزڈیسک)روس نے 2030ء تک ہر سال 32 ہزار ڈرون بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کے ڈپٹی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 32500 ڈرونز کی تیاری موجودہ پروڈکشن سے تین گنا زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس قومی پروجیکٹ میں 7.66 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی جائے گی اور اس حوالے سے مزید تفصیلات رواں ماہ سامنے لائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ فروری 2022 سے یوکرین جنگ کے بعد سے روس بڑی تعداد میں ڈرون استعمال کرتا ہے، روس اور یوکرین دونوں ہی جنگی ساز و سامان کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔ اس وقت یوکرین جنگ میں روس سستی لاگت سے تیار ہونے والے ایرانی ڈرونز استعمال کر رہا ہے جن کی پیٹرول انجن کے باعث زیادہ آواز ہوتی ہے۔















