اسلام آباد( اے بی این نیوز) بالی وڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے اس خبر کو یکسر بے بنیاد قرار دیا ہے کہ وہ بہت جلد انتخابی اکھاڑے میں قدم رکھیں گے۔”ایکس“ پر ایک پوسٹ میں ”ممبئی کا کنگ کون، بھیکو ماترے“ کے جملے سے ملک گیر شہرت پانے والے باصلاحیت اداکار نے کہا کہ میں فیملی مین ہوں، فلم ”ستیہ“ کے ذریعے بالی وڈ میں اپنے قدم مضبوطی سے جمانے والے منوج باجپائی نے کہا کہ فلموں کے ذریعے میں نے بہت کچھ کمایا ہے۔ ایک طرف شہرت ملی ہے اور دوسری طرف دولت۔ کروڑوں مجھے پسند کرتے ہیں اور میرے لیے دعائیں کرتے ہیں۔ سیاست میں آکر یہ سب کچھ گنوانا نہیں چاہتا۔منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ میرے لیے میری فیملی اولین ترجیح ہے۔ میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اس حوالے سے خبریں جو لوگ پھیلا رہے ہیں وہی بتاسکتے ہیں کہ میں کہاں سے الیکشن لڑوں گا۔