اہم خبریں

پنجاب کا گیس ونڈ فال لیوی کی تقسیم پر بڑا مؤقف، خیبرپختونخوا کی حمایت

لاہور: گیس ونڈ فال لیوی کی تقسیم کے معاملے پر پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ساتھ 50،50 فیصد شراکت کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔ تاہم پنجاب نے اس حمایت کو مستقبل میں گیس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں برابر حصہ ملنے سے مشروط قرار دیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 172(3) کے تحت تیل اور گیس کے تمام ذخائر وفاق اور متعلقہ صوبوں کی مشترکہ ملکیت تصور کیے جاتے ہیں۔ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ اگر مستقبل میں پنجاب میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوتے ہیں تو صوبے کو بھی اس کا مکمل اور قانونی حصہ ملنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے تجویز دی ہے کہ گیس ونڈ فال لیوی کے معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیا جائے تاکہ تمام صوبوں کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔ صوبائی محکمہ توانائی اور محکمہ خزانہ بھی اس تجویز کی حمایت کرچکے ہیں۔

پنجاب نے وفاقی حکومت سے ملک بھر میں جاری گیس لائسنسز اور دریافت شدہ ذخائر کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ متعلقہ ریکارڈ تمام صوبوں کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ وسائل کی تقسیم میں شفافیت برقرار رہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اپنے مالی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے اور اس حوالے سے بروقت اقدامات کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ صوبائی وسائل اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں