سرگودھا ( اے بی این نیوز)سرگودھا کے چک نمبر 90 شمالی میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 14 سالہ طالبہ ارباب مہوش کو مدرسہ جاتے ہوئے مبینہ طور پر محمد عثمان، محمد بلال اور ایک نامعلوم شخص نے اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا۔ ملزمان لڑکی کو قریبی حویلی میں لے گئے جہاں اس کے ساتھ متعدد بار زیادتی کی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق، واقعہ کے بعد متاثرہ کے والد ساجد علی نے تلاش شروع کی تو گاؤں کے لوگوں نے اطلاع دی کہ لڑکی حویلی کے قریب رو رہی ہے جبکہ ملزمان تیزی سے موقع سے فرار ہوگئے۔ متاثرہ نے گھر پہنچ کر والدین کو ساری روداد سنائی۔
بعد ازاں، ملزمان کے والدین نے متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈالنے اور دھمکانے کی کوشش بھی کی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے اور جرم کی دفعات 375 اور 376iii کے تحت تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تھانہ صدر سرگودھا کے ایس ایچ او کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ کو میڈیکل اور قانونی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ اس واقعہ پر گاؤں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور لوگوں نے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں :مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی جاری، مزید 5 نوجوان شہید