اسلام آباد (اے بی این نیوز )اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اچانک موسم نے شدت اختیار کر لی اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش شروع ہو گئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔شہر کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد شہریوں نے گرمی سے وقتی ریلیف محسوس کیا جبکہ بعض مقامات پر سڑکوں پر پانی بھی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کے باعث جڑواں شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ اس نظام کے زیر اثر آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش بھی ہو سکتی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ گئی۔وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ جڑواں شہر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی اور شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔
بارش کی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر فیلڈ میں نکلنے کی ہدایت جاری کر دی۔ ہدایت کی گئی ہے کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیں اور نشیبی علاقوں سمیت نالوں کی خصوصی نگرانی کریں۔
ڈی سی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے سینی ٹیشن ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں بارش اور نکاسی آب کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں :بریکنگ نیوز،اسرائیل میدان جنگ سے فرار،اسرائیلی چیف کا بزدلانہ بیان سامنے آگیا















