د مبولا ( اے بی این نیوز )دمبولا میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 146 رنز ہی بنا سکی اور یوں میچ سری لنکا کے نام رہا۔پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد نواز نے 28 جبکہ خواجہ نافع نے 26 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم دیگر بیٹرز ٹیم کو ہدف تک نہ لے جا سکے۔ صاحبزادہ فرحان 9 اور صائم ایوب 6 رنز بنا سکے۔ شاداب خان نے 6 اور عثمان خان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارنگا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پتھرانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل سری لنکا نے 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے۔ داسن شاناکا 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کوشل مینڈس نے 30، دھننجایا ڈی سلوا نے 22، چارتھ اسالنکا نے 21 اور کامل مشارا نے 20 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز، نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس شکست کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے، جس کے باعث اگلا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ کرکٹ شائقین اب سیریز کے آخری میچ کے منتظر ہیں، جس میں دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
مزید پڑھیں :موسم سرما کی ، چھٹیاں ختم، یونیورسٹیاں اور کالجز کل سے کھلیں گے















