پشاور( اےبی این نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے کسی کے خلاف نہیں لایا گیا، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آیا ہوں، ہمارا ہر قدم قانون اور آئین کے مطابق ہوگا، ہم پرامن احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے، ہم پچھلی حکومت میں تھوڑے کمزور تھے، ہم عدالتوں میں لڑ رہے ہیں، انصاف نہ ملا تو احتجاج کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ یہاں سے 800,000 افغان مہاجرین واپس جا چکے ہیں، 12 لاکھ اب بھی یہاں ہیں، ہم انہیں عزت کے ساتھ واپس بھیجیں گے۔ اگر افغان مہاجرین نے اتنا وقت یہاں گزارا ہے تو انہیں عزت کے ساتھ واپس جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چلانے نہیں تبدیلی کے لیے آیا ہوں۔ پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کا وقت نہ ملا تو کابینہ کے حوالے سے مشاورت کے لیے پارٹی سے بات کروں گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلے مجھے نشانہ بنایا گیا پھر آئینی عمل روک دیا گیا، کیا یہی طریقہ ہے؟ میں نے چیف جسٹس کو خط لکھا اور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی، جو اعتراضات دور کرکے پیر کو دوبارہ دائر کروں گا۔
مزید پڑھیں:سہ فریقی سیریز:زمبابوے نے پی سی بی کی دعوت قبول کر لی